چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 ، جمعے کو مزید دومیچ کھیلے جائیں گے

184
اے بی ایل سٹالینز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کا فائنل ( بدھ کو ) کھیلا جائے گا

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے راولپنڈی میں جاری ہیں، کل (جمعہ کو) مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا ، پہلا میچ اے بی ایل سٹالینز اور یو ایم ٹی مارخورز جبکہ دوسرا میچ اینگرو ڈولفنز اور نورپور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ کے دلچسپ مقابلے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہیں ، میگا ایونٹ کا 17واں میچ اے بی ایل سٹالینز اور یو ایم ٹی مارخورز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اے بی ایل سٹالینز کی ٹیم محمد حارث کی قیادت میں میدا ن میں اترے گی اور یو ایم ٹی مارخورز کی ٹیم کومایہ ناز آل رائونڈر افتخار احمد لیڈ کریں گے ۔ اے بی ایل سٹالینز کی ٹیم 6 میچز میں سے 4 میچ جیت چکی ہے جبکہ اس کو 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

یو ایم ٹی مارخورز کی ٹیم کھیلے گئے 6میں سے 5 میچ جیت چکی ہے۔ اسی روز دوسرا میچ اینگرو ڈولفنز اور نورپور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا ، اینگرو ڈولفنز کو مایہ ناز آل رائونڈر فہیم اشرف لیڈ کر رہے ہیں ۔

اینگرو ڈولفنز نے اب تک 6 میچ کھیلے ہیں لیکن وہ تاحال کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے جبکہ نورپور لائنز کو امام الحق لیڈ کررہے ہیں۔ نورپور لائنز کی ٹیم بھی 6 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 3 میچز جیتے ہیں اور 3 میچز میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کا فائنل میچ 25 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔