چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں اے بی ایل اسٹالینز نے حسین طلعت کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت لیک سٹی پینتھرز کو 35 رنز سے ہرا کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کر لیا

180

راولپنڈی۔7دسمبر (اے پی پی):چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں اے بی ایل اسٹالینز نے حسین طلعت کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت لیک سٹی پینتھرز کو 35 رنز سے ہرا کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کر لیا، اسٹالینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے ، حسین طلعت نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، لیک سٹی پینتھرز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، حیدر علی 54 رنز بنا کر نمایاں رہے ، عثمان طارق اور محمد علی نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ، حسین طلعت کو مرد میدان قرار دیا گیا

ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں لیک سٹی پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، اے بی ایل اسٹالینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے ، حسین طلعت نے طوفانی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں محمد حارث 55 ، یاسر خان 27 اور معاذ صداقت 19 رنز بنا کر نمایاں رہے ، پینتھرز کی طرف سے محمد ابتسام نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، لیک سٹی پینتھرز کی ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.1 اوورز 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

حیدر علی نے 26 گیندوں پر 54 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے ، پینتھرز کے دیگر بیٹرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے ، عمر صدیق 24 ، عماد بٹ 23 ، عبدالواحد بنگلزئی 4 ، رضوان محمود 16 ، مبصر خان 29 ، عماد بٹ 2 ، اسامہ میر صفر ، محمد ابتسام 12 اور محمد عمر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، شاداب خان نے انجری کے باعث بیٹنگ نہیں کی ، اسٹالینز کی طرف سے عثمان طارق اور محمد علی نے تین ، تین جبکہ طاہر حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔