اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):چین،جاپان، جنوبی کوریا اورمشرقی ایشیا کے دیگرممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تجارت میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔مالی سال 2024 میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر21.22 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 37 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 میں چین،جاپان، جنوبی کوریا اورمشرقی ایشیا کے دیگرممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 3.317 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2023 کے مقابلہ میں 21.22 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو2.736 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔جون میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 191.86 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومئی میں 252.42 ملین ڈالراورگزشتہ سال جون میں 193.27 ملین ڈالرتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 16.094 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2023 کے مقابلہ میں 37.060 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر11.74 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔جون میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے 1.357 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی جومئی میں 1.752 ارب ڈالراورگزشتہ سال جون میں 745.98 ملین ڈالرتھیں۔