بیجنگ۔18اگست (اے پی پی):ایشیا ،افریقا اور لاطینی امریکا میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی کامیاب کہانیوں پر مبنی ایک کتاب کا اردو ایڈیشن جاری کیا گیا ہے،اس حوالے سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیراہتمام ایک تقریب بیجنگ میں منعقد ہوئی۔
جمعے کو چینی میڈ یا کے مطا بق تقریب میں چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق ، چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے اعلیٰ حکام اور متعدد ممالک کے صحافیوں نے شرکت کی۔اس موقعے پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ کتاب میں 60سے زائد کہانیاں عالمی ترقی میں چین کے نمایاں کردار کو اجاگر کرتی ہیں، یہ کتاب چینی صدر شی جن پنگ کے بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر پر عملدرآمد کی عمدہ عکاسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ایسے موزوں وقت پر شائع کی گئی ہے جب بی آر آئی اور سی پیک کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے،سی پیک نے پاکستان کا معاشی منظرنامہ بالکل بدل کر رکھ دیا ہے اور بنیادی ڈھانچےکی ترقی ،توانائی کی طلب کو پورا کرنے اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ۔
چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو چائو ہوئی نے کہا کہ اس کتاب کی مدد سے دنیا کو بی آر آئی کی روشنی میں چین کے ترقیاتی فلسفے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بی آر آئی کی دسویں سالگرہ ہے، تاحال 180 سے زائد ممالک اور خطوں نے بی آر آئی کی حمایت کی ہے جبکہ دنیا بھر میں تین ہزار منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ لیو چائو ہوئی نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کو بھرپور فروغ ملا ۔
انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو عالمی ترقیاتی مسائل کے حل میں انتہائی معاون ہے، جی ڈی آئی اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے مطابقت رکھتا ہے جس کے باعث اسے دنیا بھر میں نمایاں پذیرائی ملی ۔تقریب سے کتاب کے پبلشر علی کھر اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور پاکستان سمیت دنیا میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت حاصل شدہ ثمرات کو سراہا۔