اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):چین، جاپان، جنوبی کوریا اورمشرقی ایشیاء کے دیگرممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 30 فیصد جبکہ درآمدات میں 78 فیصدکی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 2.546 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو3.315 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا،
مئی 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 253.82 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو اپریل میں 222.33ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 363.80 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2022 میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو3.619 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر10.99 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 78 فیصدکم ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 19.54 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، مئی 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر847.50 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جواپریل میں 742.88 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 1.632 ارب ڈالرتھا، مالی سال 2022 میں مشرقی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات پر21.46 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔