چینی،تمباکو، ٹرانسپورٹ آلات ، فارما سیوٹیکل ، پلاسٹک اور مچھلی کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دور ن اضافہ

14
Pakistan Bureau of Statistics
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):چینی کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 1831.73 فیصد ، تمباکو 143.09 فیصد ، ٹرانسپورٹ آلات کی برآمدات وغیرہ میں 44.22 فیصد ، فارما سیوٹیکل 43.27 فیصد ، پلاسٹک مصنوعات 26.55 فیصد اور مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات کی برآمدات میں 8.40 فیصد اضافہ ہواہے ۔

ادارہ برائےشماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کےمطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں جولائی 2024 تا اپریل 2025 کے دوران چینی کی برآمدات کا حجم 40 کروڑ 69 لاکھ 99ہزار ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران چینی کی برآمدات سے 2 کروڑ 10 لاکھ 69 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایاگیا تھا ۔

اسی طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران چینی کی درآمدات میں 38 کروڑ 59 لاکھ 30 ہزار ڈالر یعنی 1831.73 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح تمباکو کی برآمدات بھی 6 کروڑ 23 لاکھ 68 ہزار ڈالر کے مقابلہ 15 کروڑ 16 لاکھ 8 ہزار ڈالر تک بڑھ گئی ۔ تمباکو کی ملکی برآمدا ت میں گذشتہ سال کےمقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 8 کروڑ 92 لاکھ 40 ہزار ڈالر یعنی 143.09 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کی برآمدات بھی 44.22 فیصد کے اضافہ سے گذشتہ سال کی برآمدات ایک کروڑ 85 لاکھ 46 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 2 کروڑ 67 لاکھ 46 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ۔

پی بی ایس کی رپورٹ کےمطابق رواں مالی سال میں ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 43.29 فیصد کی نمایاں بڑھوتری ہوئی ہے اور برآمدات کی مالیت 39کروڑ 16 لاکھ 49 ہزار ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں کے دوران 27 کروڑ 33 لاکھ 29 ہزار ڈالر زمبادلہ حاصل ہوا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات بھی 26.55 فیصد کے اضافہ سے 32 کروڑ 24 لاکھ 12 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 40 کروڑ 80 لاکھ 12 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں ۔

مزید برآں مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کےدوران 8.4 فیصد کا اضافہ ہواہے اور جولائی 2024 تا اپریل 2025 کے دوران زرمبادلہ کا حصول 37 کروڑ 8 لاکھ 91 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کےاسی عرصہ میں مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات کی برآمد سے 34 کروڑ 21 لاکھ 54 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا ۔