بیجنگ۔26فروری (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے چینی کمپنیوں کو نشانہ بنانے والی حالیہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ یہ بات چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے بدھ کو کہی۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے کینیڈا کی جانب سے روس کو دوہری استعمال کی اشیا فراہم کرنے کے الزام پر 20 چینی اداروں سمیت 76 غیر ملکی اداروں اورشہریوں پر پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ چین کینیڈا کی جانب سے چینی کمپنیوں کو نشانہ بنانے والی حالیہ پابندیوں کو غیر منصفانہ تصور کرتا ہے، چین نے مسلسل یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے جس کی بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی جانب سے اجازت نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین اس بات پر زور دیتا ہے کہ متعلقہ ممالک کو یوکرین کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چینی کاروباری اداروں اور شہریوں کے جائز حقوق اور مفادات بشمول ان کے معمول کی تجارت، سرمایہ کاری اور مالی تعاون میں شامل ہونے کے حقوق کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ چینی اداروں کے خلاف کینیڈا کی یکطرفہ پابندیاں بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی قواعد و ضوابط کو نقصان پہنچاتی ہیں اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چین کینیڈا پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو فوری طور پر روکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے پختہ دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔