اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):چین کے شہر گوانگزو میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر محمد عرفان نے کہاہے کہ چینی حکومت نے پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دی ہے ، ایکسپو میں اس طرح کے پویلین سے زیادہ سے زیادہ چینی لوگ پاکستانی مصنوعات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ناننگ میں چائنا-آسیان ایکسپو، شنگھائی میں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو، گوانگ زو میں کینٹن فیئر اور چین میں دیگر مصنوعات کے مخصوص پلیٹ فارمز کی نمائشوںمیں شرکت سےزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ چند سالوں میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ناکافی ذخائر پاکستان کاسنگین مسئلہ رہے ہیں۔
نمائشیں برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور نمائشوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور فروخت چین اور دیگر آسیان ممالک کو مصنوعات کی مقبولیت اور برآمد کو موثر طریقے سے فروغ دے سکتی ہے۔ پاکستان کئی سالوں سے چائنہ آسیان ایکسپو میں شرکت کر رہا ہے۔ پاکستان کا ایک بڑا پویلین بھی پچھلے دو سالوں سے نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
ہر بار تقریبا 20 یا اس سے زیادہ نمائش کنندگان پاکستان کے قومی پلیٹ فارم اور تجارتی ترقی میں شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 2019 میں چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے دوسرے مرحلے پر دستخط کے بعد مزید 313 پاکستانی مصنوعات کو چینی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی کا موقع ملا۔ ان میں ٹیکسٹائل ‘گارمنٹس، چمڑے اور چمڑے کی مصنوعات اور مچھلی شامل ہیں۔