چینی خاتون خلاباز کا عالمی یوم خواتین کے موقع پرخلائی سٹیشن سے مبارکبادکا پیغام

94

بیجنگ۔8مارچ (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے براڈکاسٹنگ سینٹر کی دعوت پر چین کی خاتون خلاباز وانگ یا پنگ نے خلائی سٹیشن سے ویڈیو کے ذریعے دنیابھر کی خواتین کو عالمی یوم خواتین کی مبارکباد پیش کی ہے۔

چینی ریڈیو کے مطابق وانگ یانگ پنگ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اعدادوشمار یہ بتاتے ہیں کہ خلا میں دونوں اصناف کی قابلیت میں کوئی بڑا فرق نہیں اور خواتین بھی مرد خلابازوں جیسی تربیت یا آزمائش مکمل کر سکتی ہیں،خلا میں خواتین کی متعدد ایسی جسمانی و نفسیاتی صلاحیتیں ہیں جو مردوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے طویل مدتی مشنز کو پورا کرنے کے لیے مدد گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایروسپیس ٹیکنالوجی اور بزنس ایروسپیس کی ترقی کے ساتھ ساتھ خلائی پروازوں میں خواتین کی شرکت بڑھتی جا رہی ہے،امید ہے کہ تمام خواتین او ر لڑکیاں اس وسیع خلا سے متعلق اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتی رہیں گی اور ایک نہ ایک دن ان کا یہ خواب پورا ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان بردار خلائی مشن میں خواتین کی شرکت بڑی اہمیت کی حامل ہے،مختلف قومیتوں، نسلوں اور پیشوں کے باوجود پوری دنیا میں خواتین اپنی کوششوں سے دنیا کو مزید متحرک، ہم آہنگ اور خوشگوار بنا رہی ہیں۔انہوں نے تمام خواتین کی بے لوث خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے روزمرہ زندگی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔