چینی سفارخانہ نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیز کو 40لاکھ روپے فراہم کر دیئے، وائس چانسلر ڈاکٹر محسن نواز کاخوشی کا اظہار

249

مانسہرہ ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں چینی سفارتخانہ نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیز کو 40لاکھ روپے فراہم کر دیئے۔یہ رقم ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیز کے تحت مشترکہ ثقافتی و سماجی سرگرمیوں،پاکستانی و چینی روایتی نمائشوں کے انعقاد،تربیتی ورکشاپس اور تعلیمی میدان میں مختلف تحقیقی سرگرمیوں کے لئے استعمال کی جائے گی۔

ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیزکی ہیڈ عائشہ عالم کی انفرادی کوششوں سے ہزارہ یونیورسٹی کو یہ رقم حاصل ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے گرانٹ کے حصول پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شعبہ کی ہیڈ عائشہ عالم کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی کی بہتری اور بالخصوص شعبہ پاکستان سٹڈیز کے لئے جو خدمات سر انجام دی ہیں وہ نا صرف قابل ستائش ہیں بلکہ یونیورسٹی کے دیگر تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے لئے قابل تقلیدبھی ہیں۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ چینی سفارتخانہ کی طرف سے ملنے والی رقم سے یونیورسٹی کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے تحت مختلف کلچرل پروگرامز کے انعقاد، گیسٹ لیکچر اورطلباء وفود کے تبادلے سمیت پاکستان اور چین کے مشترکہ مفادات پر مبنی تعلیمی پالیسی بنانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس تعلیمی شعبہ میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ یونیورسٹی کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے ساتھ گذشتہ تین سالوں سے انتہائی قریبی روابط قائم کئے ہوئے ہے جس کے تحت دو طرفہ تعلیمی تحقیقی ثقافتی اور معاشرتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے