چینی سفیر کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی نقد امداد پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے

268

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی نقد امداد پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کی۔ منگل کو یہاں عطیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے، جس میں بہت سا جانی اور مالی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے دکھ میں شریک ہیں جو سیلاب کی وجہ سے مشکلات اور پریشانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے ہم ان مشکلات پر قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے گزشتہ روز پاکستانی صدر عارف علوی کو سیلاب کی تباہ کاریوں پر ہمدردی کا پیغام بھیجا تھا اور اس بات کا اظہار کیا تھا کہ چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں اور باہمی تعاون کی ایک پرانی روایت کے ساتھ چین تعاون کرے گا۔ اور چین پاکستان کے امدادی کاموں میں مدد اور امداد جاری رکھے گا ۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنا ہمدردی کا پیغام دیا۔چینی عوام کو ہمیشہ یاد ہے کہ جب 2008 میں چین میں وینچوان زلزلہ آیا تھا تو پاکستان نے دستیاب تمام خیمے متاثرہ علاقوں میں عطیہ کیے تھےاور اب جب پاکستان میں سیلاب آیا تو چینی حکومت نے فوری طور پر تشویش اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ چین کی ہنگامی انسانی امداد کے تحت 3000 خیموں کی پہلی کھیپ بھی حوالے کی گئی۔ یہ ہمارے 100 ملین RMB کے عطیہ پیکج کا ایک حصہ ہے جس میں 25,000 خیمے اور دیگر امدادی سامان شامل ہے ۔اس کے علاوہ آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن (APCEA) نے پی ایم فلڈ ریلیف فنڈ میں 15 ملین روپےعطیہ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ چینی ادارے اب بھی مقامی کمیونٹی کو مزید امدادی سامان اور نقد عطیات فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکومت پاکستان کی قدرتی آفات کے بعد کی تعمیر نو اور آفات کی روک تھام اور تخفیف میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا بھی وعدہ کرتی ہے۔سفیر نے مزید کہا کہ انسان جذبات رکھتے ہیں جبکہ آفات جذبات سے عاری ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے تعاون اور مدد کے اقدامات ہمارے فولادی بھائی چارے کو اجاگر کرتے ہیں۔

"وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری زہرہ بلوچ نے چین کی ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ہنگامی نقد امداد پر چینی حکومت اور سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مون سون بارشوں کی وجہ سے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر رہا ہے۔

اس مشکل دور میں چین، ہمارا فولادی بھائی اور قریبی دوست ایک بار پھر اس موقع پر ہمارے ساتھ کھڑا ہوا ہے اور اس نے ہمیں انتہائی ضروری بروقت مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، فصلوں، املاک اور انفراسٹرکچر کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

ریلیف اور ریسکیو کے پہلے مراحل کے بعد بحالی اور تعمیر نو کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا جس کے لیے اور بھی زیادہ وسائل درکار ہوں گے۔انہوں نے کہا، ہم اپنے چینی بھائیوں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ جو مصیبت کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔ ہمیں صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کی طرف سے تعزیت اور ہمدردی کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔چین ہمیشہ کی طرح پہلا ملک رہا ہے جس نے مصیبت اور پریشانی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ اس مشکل وقت میں چین کی حکومت اور عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے اور ہمدردی اور فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سفیر نونگ کی قیادت میں چینی سفارت خانے کی جانب سے مدد فراہم کرنے کے لیے ان کاوشوں کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی چیئرمین ابرار الحق، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بھی ہنگامی نقد امداد فراہم کرنے پر چینی حکومت اور سفیر نونگ رونگ کا شکریہ ادا کیا۔