بیجنگ ۔ 19 مارچ (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پنگ نے سپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز سے ٹیلی فونک بات چیت میں کہا کہ سپین میں کورونا وائرسکی وباء بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے، وہ چینی حکومت اور چینی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ہسپانوی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چین نے مسلسل کوششوں کے بعد ملک بھر میں وباء کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔ اب چین انتہائی مشکل مرحلے اور وباء کی شدت کے دور سے باہر نکل آیا ہے، اس وقت یہ وباء دیگر ممالک اور مقامات میں پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین دوسرے ممالک کے ساتھ بین الاقوامی تعاون کرنے اور اپنی صلاحیت کے مطابق مدد فراہم کرنے کو تیار ہے، امید ہے کہ عالمی برادری اس بحران کو مل کر کام کرنے کے ایک موقع کی شکل میں بدلے گی، وبا کے منفی اثرات کے خلاف کھلے پن اور تعاون پر مبنی اقدامات کو بروئے کار لائے گی اور مشترکہ طور پر صحت کے عالمی تحفظ کو برقرار رکھے گی۔