چینی صدر اور وزیراعظم کی پشاور کی مسجد پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور سوگوار خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار

296

بیجنگ۔1فروری (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پشاور کی ایک مسجد میں پیر کو ہونے والے مہلک دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 100 سے زائد نمازی جاں بحق ہوئےہیں۔ بدھ کو صدر مملکت عارف علوی کے نام ایک پیغام میں صدر شی جن پنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور سوگوار خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مخالفت کرتا ہے اور خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔وزیر اعظم لی کی چیانگ نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے ۔