بیجنگ ۔25اکتوبر (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ سے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے بیجنگ میں ملاقات کی۔
بدھ کو چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشتیں ہیں، جن کی معیشت دنیا کی کل معیشت کا ایک تہائی سے زیادہ ہے اور دونوں ممالک دنیا کی کل آبادی کا تقریبا ایک چوتھائی اور دنیا کے دو طرفہ تجارتی حجم کا تقریبا پانچواں حصہ ہیں ۔ صدر شی نے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں آج تک جو ترقی ہوئی ہے،
ان نتائج کی قدر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے چین کی مستقل پالیسی باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی تعاون پر عمل پیرا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین اس سمت میں کام جاری رکھے گا اور امیدہے کہ امریکہ چین کے ساتھ اسی منزل کی طرف بڑھتا رہےگا ۔ شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ چین امریکہ تعلقات کی بنیاد اور امید عوام میں ہے اور مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے۔
چین کے صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ گورنر گیون نیو سم کا یہ دورہ باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ کرے گا اور چین اور کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور چین امریکہ تعلقات کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔صدر شی نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان ماحول دوست ترقی اور آب و ہوا کی تبدیلی میں تعاون کی زبردست گنجائش موجود ہے اور دونوں فریق اس شعبے میں تعاون کو مضبوط کر سکتے ہیں۔