بیجنگ۔22نومبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں روسی پارلیمنٹ ڈوما کے چیئرمین ولودین نےملاقات کی۔ چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال صدر پیوٹن کے ساتھ دو بالمشافہ ملاقاتو ں میں چین روس جامع اسٹرٹیجک تعاون اور تمام شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا چین -روس تعلقات کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ روسی قومی ڈوما اور چین کی قومی عوامی کانگریس قانون سازی کے تجربے کے تبادلے کو مضبوط بنائیں گی، دونوں ممالک کی مقننہ کی خصوصی کمیٹیوں اور پارلیمنٹیرین فرینڈشپ گروپس کے کردار کو مکمل طور پر بروے کار لائیں گے تاکہ دوطرفہ تعاون کے لیے مزید مکمل قانونی مدد فراہم کی جا سکے اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور یوریشین اکنامک یونین کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے اور شنگھائی تعاون تنظیم، برکس اور جی 20 جیسے کثیر الجہت پلیٹ فارمز میں مواصلات اور تعاون کو گہرا کیا جا سکے۔
اس موقع پر ولودین نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور صدر پیوٹن کی اسٹریٹجک رہنمائی میں روس اور چین کے تعلقات تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں اور روسی قومی ڈوما میں تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کی حمایت کرنے پر متفق ہیں۔