چینی صدر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ٹیلی فون پر گفتگو

93

بیجنگ ۔ 9 مئی (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پنگ نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔چینی صدر نے گفتگو میںکہا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ جامع حکمت عملی کے شراکت دار ی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور سعودی عرب کو "دی بیلٹ اینڈ روڈ ” کی مشترکہ تعمیر کے اہم ساتھی کے طور پر دیکھتا ہے۔چین سعودی عرب کے ساتھ مل کر دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو کو 2030ءوژن کی حکمت عملی سے منسلک کرنے کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین 2020ءمیں جی 20 گروپ کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا خیرمقدم کرتا ہے اور سعودی عرب کی مثبت طور پر حمایت کرتا ہے۔چین سعودی عرب کے ساتھ مل کر کثیرالجہتی ، کھلی عالمی معیشت اور عالمی طرز حکمرانی کی بہتری میں جی 20گروپ کے کردار کو فروغ دینا چاہتا ہے۔شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ مختلف سطح پر قریبی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتاہے اور مشرقی اور مغربی ایشیا کے درمیان علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب عرب ممالک، دیگراسلامی ممالک اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔