بیجنگ ۔ 3 اپریل (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پھنگ نے صوبائی اور مقامی حکومتوں کو عوامی امور کے کاموں سے متعلق اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں عوامی امور کے نظام نے بے حد فرض شناسی کے ساتھ مرکزی حکومت کے فیصلوں کو نافذ کیا ہے اور مختلف کاموں اور عزائم کے حصول میں نئی پیش رفت ہوئی ہے جو چین میں اصلاحات، ترقی اور استحکام کی صورتحال کو موثر طریقے سے برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ عوامی خدمت کے امورعوام کی روزمرہ زندگی سے متعلق ہوتے ہیں اور اسی لیے یہ ان کے دل سے منسلک ہوتے ہیں۔یہ سماجی تعمیر میں ایک بنیادی اور بے حد اہم کام ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی مختلف سطحوں کی کمیٹیوں اور حکومتوں کو عوام کو مرکز بنا کر عوامی امور کے کاموں سے متعلق قائدانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی خوشحال معاشرے اور جدید سوشلسٹ ملک کی مکمل تعمیر کے لیے نئی خدمات سرانجام دی جائیں۔