بیجنگ ۔ 6 نومبر (اے پی پی) چین کے انتہائی جنوبی اور جزیرے پر مشتمل صوبے ہینان میں رواں سال کے پہلے نو ماہ (جنوری تا ستمبر) کے دوران 1 لاکھ 68 ہزار 500 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی جس کی وجہ وہاں فری ٹریڈ زون کا قیام ہے۔ چینی روزنامے ہینان کے مطابق رواں سال کے دوران صوبے میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں تیزی سے اضافہ ہوا اور جنوری سے ستمبر کے دوران 1 لاکھ 68 ہزار 500 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی، بالخصوص غیر ملکی سرمائے کی حامل 237 نئی کمپنیوں نے بھی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا جو کہ 2018 ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 146.9 فیصد زیادہ ہیں۔نوماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 313 ملین ڈالر رہا جو کہ 2018 ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 139.4 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہینان میں رواں سال کے دوران ملکی و غیر ملکی شخصیات اور اداروں نے وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے وہاں اہم صنعتوں کو فروغ ملا اور اس کے باعث ملکی اقتصادی ترقی میں بھی اضافہ ہوا۔