بیجنگ۔24جون (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کے طبی آلات سے متعلق عوامی خریداری کے بڑے ٹینڈرز میں چینی فرمز اور مصنوعات کی شرکت کو محدود کرنے کے تحفظ پسند اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے منگل کو کہی۔ انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اپنی غلط روش کو ترک کرے۔
انہوں نے چینی کاروباری اداروں کے قانونی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ دو طرفہ بات چیت کے ذریعے چین کی طرف سے مسلسل خیر سگالی اور خلوص کے مظاہرے کے باوجود یورپی یونین نے یکطرفہ اقدامات اور نئی رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جو نہ صرف چینی کاروباری اداروں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ منصفانہ مسابقت کو بھی بری طرح بگاڑرہے ہیں۔
چین کی طرف سے یہ بیان اس وقت آیا ہے جب یورپی کمیشن نے گزشتہ جمعہ کو یورپی یونین کے انٹرنیشنل پروکیورمنٹ انسٹرومنٹ کے تحت میڈیکل ڈیوائس سیکٹر میں پبلک پروکیورمنٹ ٹینڈرز میں چینی کاروباری اداروں اور مصنوعات کی شرکت کو محدود کرنے کا انتخاب کیا۔وزارت کی طرف سے جنوری میں ختم ہونے والی تحقیقات کے مطابق یورپی یونین نے عوامی خریداری اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں چینی فرموں کے خلاف مسلسل رکاوٹیں کھڑی کیں۔