
لاہور۔28 مئی(اے پی پی )عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ کی شانگ نے تاریخی بادشاہی مسجدکا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدلخبیر آزاد، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن کے ہمراہ چینی نائب صدر کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ چوہدری عبدالغفور نے چینی نائب صدر کو بادشاہی مسجد کی تاریخ، اس کے فن تعمیرکے بارے میں بریفنگ دی۔ مسجد کے چیمبر میں خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ بادشاہی مسجد کی اہمیت، یہاں سے بین المذاہب ہم آہنگی کی بابت جاری کام بارے بھی آگاہی دی۔صوبائی وزیر اوقاف نے چینی نائب صدر کو محکمہ اوقاف کی جانب سے بادشاہی مسجدکی دیکھ بھال یہاں سے مذہبی و سماجی فلاح کے لئے جاری تعلیمات بارے معلومات فراہم کیں۔چینی نائب صدر نے بادشاہی مسجدکے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مغلیہ دور کے فن تعمیر کو خوب سراہا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف نے کہا کہ پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے۔ سازشی عناصر کبھی تعلقات میں دراڑ پیدا نہیںکر سکتے،چینی نائب صدر کی آمد پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔