چینی نائب وزیر خارجہ کانگ ژان ژو کی دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اور معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

216

بیجنگ ۔ 03 نومبر (اے پی پی) چین کے نائب وزیر خارجہ کانگ ژان ژو نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ مکمل ہونے والے منصوبوں کو فعال بنانے اور جاری منصوبوں میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔ ہفتہ کو دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اور معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دونوں اطراف میں صنعتی تعاون کو پاکستان کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سی پیک کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت سی پیک کے موجودہ منصوبوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی قسم کی تبدیلی کی گئی تو یہ منصوبوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے تحت سماجی اور لیولی ہڈ کے امور پر ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت، سائنس وٹیکنالوجی ، ثقافتی امور، تعلیم اور امور نوجوانان کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنی بساط کے مطابق موجودہ صورتحال سے نکلنے کےلئے امداد اور تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران اس بات پر اصولی اتفاق کیا گیا کہ چینی حکومت ضروری تعاون اور اور معاونت فراہم کرے گی تاکہ پاکستان موجودہ اقتصادی مشکلات سے نکلنے کےلئے خصوصی اقدامات اٹھا سکے۔ اس بارے میں دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام مزید بات چیت کریں گے ۔ نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورے کے دوران ہونے والی تمام سرگرمیاں اور معاہدے وزیراعظم پاکستان کے چین کے دورے کی کامیابی کی مکمل عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کے دوران چین کی جانب سے پاکستان میں عام انتخابات کے کامیابی سے انعقاد اور اقتدار کی پرامن منتقلی پر مبارکباد دی گئی۔