بیجنگ ۔ 17ستمبر (اے پی پی) چین کے وزیر خارجہ کے گزشتہ ہفتہ پاکستان کے سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران ان کے بین الاقوامی امور ‘ دفاع سمیت خطے کی سلامتی کے حوالے سے کئے گئے مذاکرات انتہائی کامیاب رہے ہیں، اس دورہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ بین الاقوامی جریدے گلوبل ٹائمز میں چھپنے والے ایک آرٹیکل کے مطابق تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لئے انتہائی اہمیت اختیار کرتے جارہے ہیں، بین الاقوامی سیاسی و جغرافیائی معاملات کے نتیجہ میں بھی پاک چین دوطرفہ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ مضمون کے مطابق چین کی حکومت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی نئی منتخب حکومت سے رابطہ کیا جائے اور اس سلسلے میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اعلیٰ سطح کے ایک وفد کے ہمراہ گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے صدر مملکت ‘ وزیراعظم اورآرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں بین الاقوامی امور دفاع اور خطے کی سلامتی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعادہ کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=113972