بیجنگ۔10فروری (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ یی12 سے 17 فروری تک برطانیہ اور آئر لینڈ کا دورہ کریں گے اور 10ویں چین ۔برطانیہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کی شریک صدارت کریں گے اور 61 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس (ایم ایس سی)میں بھی شرکت کریں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو اعلان کیا کہ چینی وزیر خارجہ میونخ سکیورٹی کانفرنس (ایم ایس سی) میں چین کے بارے میں ایک تقریب سےاہم بین الاقوامی مسائل پر چین کے موقف کو شیئر کرنے کے لیے خطاب کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چینی وزیر خارجہ کا دورہ ان کے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی اور آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم و وزیر برائے خارجہ امور وتجارت سائمن ہیرس اور ایم ایس سی کے چیئرمین کرسٹوف ہیوسگن کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فروری کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کے طور پر چین 18 فروری کو سلامتی کونسل کی ایک اعلیٰ سطحی تقریب کا انعقاد کرے گا جس کا موضوع ’’کثیر جہتی پر عمل، اصلاحات اور عالمی نظم و نسق کو بہتر بنانا‘‘ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نیویارک میں سلامتی کونسل کی تقریب کی صدارت کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جہ 20 صدر جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ رونالڈ لامولا کی دعوت پر چینی وزیر خارجہ 20 سے 21 فروری تک جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ■