اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) چین کے ایک تجارتی وفد نے چین کی وزارت تجارت کے نمائندے مسٹر لی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ چین کا وفد پاکستان میں ریشم اور ملبری سمیت دیگر زرعی مصنوعات کی پیداوار کرنا چاہتا ہے، پہلے مرحلہ میں چین کے سرمایہ کار پاکستان میں ریشم کے کیڑے پیدا کرنے سمیت دیگر مصنوعات کیلئے ایک فارم قائم کرنا چاہتے ہیں اور دوسرے مرحلے میں وہ پاکستان میں ریشم تیار کرنے کی فیکٹری لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی وفد کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے تقریباً 30 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی۔ چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کی طرف سے ریشم کی فیکٹری لگانے سے پاکستان ریشم کی پیداوار میں خودکفیل ہوجائے گا اور ان کو چین سے ریشم درآمد نہیں کرنا پڑے گا۔