لاہور۔9مئی (اے پی پی):ہونان چیمبر آف کامرس کی صدر ہو ژو لنگ کی زیر قیادت چینی کاروباری وفد نے جمعہ کے روز ایف پی سی سی آ ئی کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور ہونان چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد دوطرفہ تجارت کو فروغ ، اقتصادی تعاون کو مضبوط اور دونوں خطوں کے درمیان صنعتی و ثقافتی روابط کو مستحکم کرنا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی انضمام، باہمی ترقی اور عوامی رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے،معاہدے میں کئی اہم اہداف کا تعین کیا گیا ہے جو طویل المدتی اسٹریٹیجک تعاون کی بنیاد فراہم کریں گے جس میں سب سے نمایاں ایک ایسا جامع پلیٹ فارم قائم کرنا ہے جو دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط روابط پیدا کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سرمایہ کاری کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے قیام میں معاون ثابت ہو گا اور پاکستانی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو ہونان کی منڈی تک رسائی دینا ہے،اس اقدام سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور اس کے برانڈز کی عالمی سطح پر شناخت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی جانب سے معاہدے پر زین افتخار چوہدری اور پی ایچ سی سی کی جانب سے ہو ژو لنگ نے دستخط کئے۔ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران زین افتخار چوہدری،ریجنل چیئرمین ، نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز،نائب صدر ایف پی سی سی آئی، ایس ایم تنویر ،پیٹرن ان چیف یو بی جی ، ایف پی سی سی آئی اور دیگر سینئر اراکین نے خطاب کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594961