لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے، چینی و غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنائیں،انہوںنے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پراجیکٹس سائٹ، دفاتر سمیت تمام متعلقہ مقامات پر تعینات نفری ہائی الرٹ رہے اور آرپی اوز، ڈی پی اوز خود سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں۔
ڈاکٹر عثمان انورنے چینی انسٹالیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں، بانڈری والز، مورچوں کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، اجلا س میں صوبہ پنجاب میں چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی کے امور زیر غور آئے۔
ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، آر پی او فیصل آباد، پی ایچ پی، ایلیٹ فورس، لیگل، اسٹیبلشمنٹ ٹو،سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جیز سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب،آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔