چین آئندہ ہفتے بیلٹ اینڈ روڈ بین الاقوامی اقتصادی فورم کی میزبانی کرے گا

117
بیلٹ اینڈ روڈ

بیجنگ ۔12اکتوبر (اے پی پی):چین آئندہ ہفتے بیلٹ اینڈ روڈ بین الاقوامی اقتصادی فورم کی میزبانی کرے گا، چینی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ چین آئندہ ہفتے بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی اقتصادی فورم کی میزبانی کرے گا۔

وزارت خارجہ نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے کے آغاز کے بعد پہلی بار چین کا دورہ کریں گے اور ساتھ ہی چین کے صدر شی جن پنگ سے سربراہی ملاقات کریں گے۔

چین اور روس کے رہنماؤں کا ایسے وقت میں باہمی تعلقات کو مضبوط تر کرنے کا امکان ہے جب چین اور امریکا کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور روس اور مغربی ممالک کے درمیان تعلقات مخاصمانہ شکل اختیار کر چکے ہیں۔چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ فورم کے موقع پر دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

اس نے کہا کہ اب تک 130 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کا فیصلہ کر چکے ہیں۔یہ منصوبہ گلوبل ساؤتھ سے موسوم ترقی پذیر اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ تعاون مضبوط کرنے اور مغربی برتری کا متبادل تخلیق کرنے کے چینی عزم کا عکاس ہے۔

لیکن اب ان میں سے کچھ ممالک مذکورہ منصوبے کے تحت چین سے حاصل کردہ بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ واضح رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ، بڑے اقتصادی بلاک کی تشکیل کا منصوبہ ہے جسے جناب شی نے 10 سال پہلے تجویز اور شروع کیا تھا۔