
بیجنگ۔ 16 نومبر (اے پی پی) چین اورپاکستان کے صحافیوں، قانون سازوں،ماہرین تعلیم اوردانشوروں نے پاکستان اورچین کے درمیان سدابہاردوستی اورتعاون کو اجاگر کرنے اورچین پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پرزوردیاہے۔ان خیالات کااظہار دونوں ممالک کے ماہرین نے چائنا اکنامک نیٹ اورپاکستان چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام منعقدہ ایک روزہ میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ماہرین نے کہاکہ سی پیک کے حقیقی تناظر کواجاگر کئے بغیر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو حقیقت کا روپ نہیں دھار سکیں گا۔سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی اورپاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے چئیرمین سینیٹرمشاہد حسین سید نے اپنے افتتاحی ریمارکس میں کہاکہ سی پیک نے پانچ برسوں میں حقیقت کا روپ دھار لیاہے، تھرکول، گودرپورٹ، معدنیات کے منصوبہ اوربنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں پرموثر پیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مذموم مقاصد کیلئے سی پیک کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کے تدارک کیلئے میڈیا کو ترقی کے اس اہم پیش رفت پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین کی دوستی سدا بہاراور وقت کی آزمائش پر پورا اتری ہے، دونوں ممالک دریاوں اورپہاڑوں کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں، ہمیں یقین ہیں کہ دونوں ممالک افہام وتفہیم سے دونوں ممالک کے عوام کے بہترمستقبل کیلئے تمام مشکلات پرقابوپانے میں کامیاب ہونگے۔