بیجنگ۔3اپریل (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ اور ان کے آذربائیجان کے ہم منصب الہام علیوف نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔چینی ریڈیو کے مطابق صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین اور آذربائیجان روایتی دوستانہ تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، 30 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ہمارے باہمی تعلقات نے صحت مند اور مستحکم ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔
انہوں نےکہا کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے دوران چین اور آذربائیجان نے ایک دوسرے کی مدد کی جو دونوں عوام کے درمیان روایتی دوستی کا مظہر ہے۔شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ چین اور آذربائیجان کے تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر چین آذربائیجان تعلقات میں مزید کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے لیے صدر علیوف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ ہو ۔
آذربائیجان کے صدرنے کہا کہ آذربائیجان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر فروغ پا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ فریقین نے سیاست، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کا باہمی سود مند تعاون کیا ہے اور کثیر الجہتی تعاون کے ٹھوس نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی حمایت کرتا ہے اور پرامید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے، جس سے دونوں عوام کو فائدہ پہنچے گا۔