چین اور امریکہ کے سربراہان مملکت ملاقات میں سٹریٹجک تعلقات اور عالمی امن و ترقی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

91
چین اور امریکہ کے سربراہان مملکت ملاقات میں سٹریٹجک تعلقات اور عالمی امن و ترقی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ۔13نومبر (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے سربراہان مملکت اپنی ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یومیہ پریس کانفرنس میں چین اور امریکہ کے صدور کی ملاقات اور دیگر متعلقہ امور پر کہا کہ دونوں سربراہان مملکت چین۔امریکہ تعلقات سے متعلق اسٹریٹجک اور عالمی امن و ترقی سمیت دیگر اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ماؤ ننگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ چین امریکہ تعلقات کو صدر شی جن پنگ کی طرف سے تجویز کردہ باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور تعاون کے تین اصولوں کے مطابق دیکھا ہے، بڑی طاقتوں کے درمیان مقابلہ وقت کے رجحان سے مطابقت نہیں رکھتا اور یہ دنیا کو درپیش چیلنجز کو حل نہیں کر سکتا، چین مسابقت سے خوفزدہ نہیں ہے لیکن ہم چین امریکہ تعلقات کو مسابقت سے متعین کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔

ماؤ ننگ نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور تائیوان کے مسئلے کا حل چینی عوام کا اپنا کام ہے اور وہ کسی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرتا۔ امریکی حکومتوں نے تائیوان کے معاملے پر واضح وعدے کیے ہیں، امریکہ کو چاہیے کہ وہ ون چائنہ پالیسی پر خلوص سے عمل کرے ۔