چین اور امریکہ کے لیے ایک دوسرے سے منہ موڑنا کوئی آپشن نہیں ، شی جن پنگ

66
Xi Jinping
Xi Jinping

سان فرا نسسکو۔16نومبر (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے لیے ایک دوسرے سے منہ موڑنا کوئی آپشن نہیں ہے، بڑے ممالک کا مقابلہ چین اور امریکہ یا دنیا کو درپیش مسائل کو حل نہیں کر سکتا، دنیا میں چین اور امریکہ کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے اور ایک ملک کی کامیابی دوسرے کے لیے ایک موقع ہے۔

جمعرات کو چینی نشر یا تی ادارے کے مطا بق ان خیالات کا اظہار چینی صدر نے امر یکی صدر جو با ئیڈن سے ملا قات کے دوران کیا ۔دونوں سربراہان مملکت نے چین۔امریکہ تعلقات کی سمت اور عالمی امن اور ترقی کو متاثر کرنے والے بڑے مسائل پر اہم تزویراتی ، جامع اور مفصل تبادلہ خیال کیا۔مذاکرات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

دونوں صدور نے مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات کو وسیع تناظر میں دیکھا جانا چاہیے ۔ شی جن پنگ نے کہا کہ باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی تعاون وہ سبق ہیں جو ہم نے چین اور امریکہ تعلقات کے 50 سال اور تاریخ میں بڑے ممالک کے مابین تنازعات کے دور سے سیکھا ہے۔ چین اور امریکہ کو ان پر عمل درآمد کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔