26 C
Islamabad
منگل, اپریل 15, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںچین اور انڈونیشیا کے تعلقات میں بڑی پیش رفت ،دونوں مما لک...

چین اور انڈونیشیا کے تعلقات میں بڑی پیش رفت ،دونوں مما لک کی دوستی کی جڑیں عوام کے دلوں میں ہیں، چینی صدر

- Advertisement -

بیجنگ ۔13اپریل (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے چین اور انڈونیشیا کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لئے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ 75 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے اب تک دونوں ممالک کے تعلقات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور چین اور انڈونیشیا کے درمیان دوستی کی جڑیں عوام کے دلوں میں گہری ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میں نے صدر سے دو بار ملاقات کی اور ایک دوسرے کے قومی ترقیاتی وژن کی بھرپور حمایت کرنے، جدیدکاری کے اپنے راستوں پر چلنے کے لئے مل کر کام کرنے، علاقائی اور عالمی اثر و رسوخ کے ساتھ چین انڈونیشیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر اور دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق کیا۔

- Advertisement -

شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ میں چین انڈونیشیا تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور میں انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو ایک موقع کے طور پر لیتے ہوئے ، دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے، کثیر الجہتی تزویراتی تعاون کو مضبوط بنانے،چین انڈونیشیا ہم نصیب معاشرے کو مسلسل فروغ دینے اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان مخلصانہ یکجہتی کا ماڈل بنانے کے لئے کام کرنے کے لئے تیار ہوں۔

اپنے تہنیتی پیغام میں صدر پرابووو نے کہا کہ انڈونیشیا اور چین کے درمیان دوستی قدیم زمانے سے قائم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مضبوط اور متحرک ہے۔ فریقین کے درمیان سیاست، معیشت، ثقافت، بحری امور اور سلامتی پر مشتمل "پانچ ستونوں” پر تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو گہرا کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے تعلقات کو مضبوط کریں گے اور عالمی امن و استحکام میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581277

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں