بیجنگ۔19اکتوبر (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون عملی تعاون کا نمونہ ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ نے پانچویں چین روس انرجی بزنس فورم کوبھیجے گئے تہنیتی پیغام میں کہا کہ چین اور روس کے درمیان توانائی تعاون برابری، باہمی فائدے اور عملی تعاون کا نمونہ ہے اور اس نے دونوں ممالک اور یہاں تک کہ دنیا میں توانائی کی سلامتی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے لئے چین اعلیٰ معیار کی توانائی کی شراکت داری قائم کرنے اور عالمی توانائی مارکیٹ کی طویل مدتی ، صحت مند ، مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور عالمی شفاف توانائی شراکت داری کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی پانچویں چین روس انرجی بزنس فورم کو مبارکباد کا خط بھیجا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402867