ہرارے۔7اگست (اے پی پی):چین اور زمبابوے کے درمیان معاشی و تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط اور زمبابوے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور فوڈ سکیورٹی کیلئے دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا ۔زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے اسٹیٹ ہاؤس میں ہونے والی دستخطی تقریب کی صدارت کی جہاں زمبابوے کے وزیر خزانہ و اقتصادی ترقی متھولی نکوبے نے مختلف اقتصادی شعبوں میں مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2020 میں دستخط شدہ پچھلے معاہدے کے تحت ملک بھر میں کنویں کھودنے اور جُنگکاؤ ٹیکنالوجی کے منصوبوں پر کام کیا گیا جس کے ذریعے کسانوں کو بھرپور پیداوار حاصل ہوئی۔نکوبے نے کہاکہ حکومت چین کی جانب سے مسلسل دی جانے والی ہنگامی غذائی امداد کو خلوص دل سے سراہتی ہے۔ چین نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ وہ ہمارا مخلص اور دیرینہ دوست ہے۔چین کے سفیر ژو ڈِنگ نے کہا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور چین کی زمبابوے سے غیر متزلزل یکجہتی کا ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تعاون، ان 17 معاہدوں کا حصہ ہے جن پر صدر منانگاگوا کے گزشتہ سال دورۂ چین کے دوران دستخط ہوئے تھے۔ژو نے کہاکہ ہم نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،
ہم اس پائیدار دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہر چیلنج میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری زمبابوے کے تمام شعبوں میں ترقی کا باعث بنی ہے، چین زمبابوے کے وژن 2030 کے اہداف اور اس کی معاشی و سماجی تبدیلی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔