بیجنگ۔19اکتوبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور مصر قابل اعتماد دوست اور مشترکہ ترقی کے شراکت دار ہیں۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر آئے مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات کے دوران کہی۔
چینی صدر نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران چین اور مصر نے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کے فریم ورک کے تحت نتیجہ خیز تعاون کیا ہے، جس پر وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصر پہلا عرب اور افریقی ملک ہےجس نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے۔
انہوں نے کہا کہ چین برکس تعاون کے میکانزم میں شامل ہونے پر مصر کو مبارکباد دیتا ہے۔ چین مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے، مشترکہ طور پر بین الاقوامی انصاف اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنے اور خطے اور دنیا میں مزید استحکام پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔