بیجنگ۔25جون (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ اور موزمبیق کے صدر ڈینئل چاپو نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔بدھ کوشی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 50 سالوں میں عالمی صورتحال پر رونما ہونے والی تبدیلیوں سے قطع نظر ، چین اور موزمبیق نے ایک دوسرے پر اعتماد اور حمایت کی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ وہ چین موزمبیق تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور صدر چاپو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کو ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لیا جائے، روایتی دوستی کو آگے بڑھایا جائے، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون فریم ورک کے تحت باہمی سود مند تعاون گہرا کیا جائے اور چین۔موزمبیق جامع اسٹریٹجک تعاون شراکت داری میں مشترکہ طور پر ایک نیا باب رقم کیا جائے۔
ڈینئل چاپو نے موزمبیق کی آزادی کی جدوجہد میں چین کی غیر مشروط حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ موزمبیق ایک چین کے اصول کی پاسداری جاری رکھے گا، قومی وحدت کے حصول کے لئے چینی حکومت کی تمام کوششوں کی حمایت کرے گا۔ چین کے اہم انیشی ایٹوز کی حمایت کرے گا، اور باہمی احترام اور باہمی فائدے کی بنیاد پر چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے، عملی تعاون کو وسعت دینے، کثیر الجہتی کا مشترکہ دفاع کرنے اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔