بیجنگ ۔ 15ستمبر (اے پی پی) چین اور پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے ایک صفحے پر ہیں۔ چین کی میڈیا ویب سائیٹ china.org.cn کے آرٹیکل کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں اعلیٰ سطحی مشاورت کے نتیجے میں اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر حکمت عملی کے نتیجہ میں حکومتی پالیسیوں کے تسلسل سے متعلق شبہات دور ہو گئے ہیں۔ اس سے بالا تر کہ کوئی سیاسی جماعت اقتدار میں کیوں نہ ہو، اولین ترجیحات برقرار رہیں گی، سی پیک ایک دوطرفہ معاہدہ ہے جس کا تمام پیش رو حکومتوں نے احترام کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں اپنے تین روزہ دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جنہوں نے چین پاکستان تعلقات کے فروغ کے لئے اپنے بھرپور عزم کا اسی طریقے سے اظہار کیا جس کا وہ اپنی الیکشن میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں اظہار کر چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دوطرفہ اقتصادی تعاون کی علامت ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ان تعلقات کے فروغ کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔