30.5 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںچین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع مواقع...

چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ڈاکٹر گوہر اعجاز

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران کہی ۔ پیر کو وزارت تجارت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر گوہر اعجاز کے ہمراہ اس وقت چین میں 20سے زائد پاکستانی کاروباری افراد شامل ہیں اور یہ دورہ اکتوبر میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے چین کے دورے کے بعد ایک اہمیت کا حامل ہے جس سے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔

نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں وفد نے چینی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کی جس میں پاک چین تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے سمیت باہمی تعاون کےحوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔دورہ چین کے دوران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چائنہ چیمبر آف کامرس فار امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ آف ٹیکسٹائل کے چیئرمین مسٹر ژانگ زنمن سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکسٹائل کی تجارت کو فروغ دینے بالخصوص تجارتی عدم توازن کو دور کرنے پر زور دیا گیا ۔

- Advertisement -

بات چیت میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے اور تجارتی لین دین کو آسان بنانے کے لیے چین میں نئی منڈیوں تک رسائی کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چین کے فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں چین کے سب سے بڑے فوڈ پروسیسر، صنعت کار اور تجارتی گروپ سے ملاقات کی جس میں غیر ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی کو واضح کیا گیا ۔اس کے ساتھ ساتھ وفد نے بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جس میں پاکستانی اور چینی تاجروں کو ملاقات کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418787

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں