چین اور پاکستان کے درمیان شعبہ زراعت میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے سروس سینٹر کا آغاز

160

بیجنگ۔29اکتوبر (اے پی پی):چین کے صوبہ ہنان مین چین اور پاکستان کے درمیان شعبہ زراعت میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے سروس سینٹر کا آغاز کر دیا گیا۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان میں زرعی صلاحیتوں کو بڑھانے اور زرعی میکانائزیشن میں چین اور پاکستان کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اوورسیز لوبان ورکشاپ ایگریکلچرل مشینری سروس سینٹر برائے پاکستان کا افتتاح چین کے صوبے ہنان کے شہر چانگشا کے بین الاقوامی کانفرنس سینٹر میں کیا گیا۔اس سینٹر کی نقاب کشائی کی تقریب میں چائنا ایگریکلچرل مشینری ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن (سی اے ایم ڈی اے)، تیانجن ماڈرن ووکیشنل ٹیکنالوجی کالج، تیانجن ٹیلائی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی لمیٹڈ، تیانجن ایگریکلچرل میکانائزیشن ٹیکنالوجی ٹیسٹنگ سروس سینٹر نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان لوبان ورکشاپ کے اعزازی کنسلٹنٹ اور پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر آصف شاہ نے پاکستان کے صوبے پنجاب میں ایک ہزار سے زیادہ ہنر مند زرعی مشینری آپریٹرز اور مینٹی ننس ٹیکنیشنز کو تربیت دینے میں اس ورکشاپ کی کامیابی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے نے چینی ٹیکنالوجیز اور آلات کے اشتراک میں سہولت فراہم کی جو زرعی میکانائزیشن کو تیز کرتی ہے ۔چائنا ایگریکلچرل مشینری ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن(سی اے ایم ڈی اے )کے مطابق لوبان ورکشاپ ایسا منصوبہ ہے جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے وژن سے ہم آہنگ اور پیداوار و تعلیم کے بین الاقوامی انضمام پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ ایسوسی ایشن کے شعبہ میڈیا کے صدر ہو وی نے امید ظاہر کی کہ اوورسیز سروس سینٹر بیرون ملک منڈیوں میں چینی زرعی مشینری کے لیے سماجی خدمات میں اضافہ کرتا رہے گا۔

تیانجن ماڈرن ووکیشنل ٹیکنالوجی کالج میں لوبان ورکشاپ ایگریکلچرل مشینری ٹریننگ پروگرام چین کی زرعی مشینری کی صنعت کے ساتھ مربوط ہے اور زرعی مشینری کی ایپلی کیشن ٹیکنالوجیز سے واقف متعدد ہنر مند بیرون ملک تکنیکی ماہرین کو تربیت دیتا ہے،اس اقدام کا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ ساتھ زرعی مشینری کے شعبے میں پیداوار، تعلیم اور تحقیق کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔