چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے روشن بادالنگ عظیم دیوارِ چین کے شاندار پس منظر میں ’’این اوڈ ٹو آئرن کلیڈ فرینڈشپ ‘‘ کے عنوان سے 2026 بیجنگ انٹرنیشنل گریٹ وال کنسرٹ منعقد ہوا جہاں روایتی چینی دھنوں اور پاکستانی صوفی قوالی کی آوازیں وانگ جنگ سکوائر میں گونجتی رہیں۔
چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال، عظیم دیوارِ چین پر شاندار گالا کنسرٹ

مزید خبریں
بیجنگ۔7ستمبر (اے پی پی):چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے روشن بادالنگ عظیم دیوارِ چین کے شاندار پس منظر میں ’’این اوڈ ٹو آئرن کلیڈ فرینڈشپ ‘‘ کے عنوان سے 2026 بیجنگ انٹرنیشنل گریٹ وال کنسرٹ منعقد ہوا جہاں روایتی چینی دھنوں اور پاکستانی صوفی قوالی کی آوازیں وانگ جنگ سکوائر میں گونجتی رہیں۔ تقریب کا مشترکہ اہتمام بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر (CICCC) نے کیا جبکہ یان چِنگ ڈسٹرکٹ کی عوامی حکومت نے تعاون فراہم کیا۔ اس تقریب میں اعلیٰ سفارت کاروں، پاکستان کے سابق خارجہ سیکرٹریوں اور سفیروں، چینی معززین اور فنکاروں نے شرکت کی۔
تقریب نے دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور فنون کے ذریعے باہمی مکالمے کو اجاگر کیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقام خود پاکستان اور چین کے گہرے تہذیبی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ بادالنگ عظیم دیوار پاکستان اور چین کے تعلقات میں خصوصی تاریخی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ واچ ٹاورز 6 اور 7 کے درمیان دیوار کے ایک حصے کی 1989 میں حکومتِ پاکستان کے تعاون سے مرمت و بحالی کی گئی تھی۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ موسیقی جذبات کو آواز دیتی ہے جبکہ رقص انہیں شکل اور حرکت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فنون مل کر ثقافتی ورثے کو محض یاد رکھنے کی بجائے ایک زندہ تجربے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ ثقافتی قربت کو آگے بڑھاتی ہے، جو ان کی طویل عرصے سے قائم سفارتی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت دیتی ہے۔








