بیجنگ۔19مئی (اے پی پی):چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعہ کو کہا کہ ان کا ملک مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ انہوں نے انٹرنیشنل پریس سنٹر (آئی پی سی) میں منعقدہ بریفنگ میں کہا کہ چین متنازعہ علاقوں میں جی ٹونٹی اجلاسوں کی کسی بھی شکل کے انعقاد کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور وہ اس طرح کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کا 22 سے 24 مئی تک مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں سیاحت سے متعلق جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے کا منصوبہ ہے۔مودی حکومت کی طرف سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموں وکشمیر میں گروپ 20اجلاس کے انعقاد کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔