بیجنگ۔15دسمبر (اے پی پی):صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین بیرونی دنیا کے لیے کھلے پن کی بنیادی پالیسی پر قائم رہے گا۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے 15ویں چین۔لاطینی امریکا انٹرپرینیورز سمٹ کی افتتاحی تقریب سے تحریری خطاب میں کہا ہے کہ چین بیرونی دنیا کے لیے کھلے پن کی بنیادی قومی پالیسی پر قائم رہے گا، مضبوطی سے باہمی مفادات کی حکمت عملی پر عمل پیرا رہے گا،اقتصادی عالمگیریت کی درست سمت پر قائم رہے گا، چین کی نئی ترقی کے ساتھ دنیا کو نئے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔
ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کو فروغ دینے اور لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک سمیت تمام ممالک کے لوگوں کو مزید فوائد پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ 15 سال قبل اپنے قیام کے بعد سے، چین۔لاطینی امریکا انٹرپرینیور سمٹ نے کاروباری اداروں کی خدمت پر زور دیا ہے، اور چین۔لاطینی امریکہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تبادلوں کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چین اور لاطینی امریکہ کے تعلقات برابری، باہمی مفاد، اختراع، کھلے پن اور عوام کے فائدے کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ کاروباری برادری چین-لاطینی امریکہ کے عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی قوت ہے ۔ امید کی جاتی ہے کہ کاروباری برادری مستحکم کاروباری جذبے کو برقرار رکھے گی، چین اور لاطینی امریکہ کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے گی۔اسی روز ایکواڈور کے صدر گیلرمو لاسو نے 15ویں چین-لاطینی امریکہ انٹرپرینیور سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔