بیجنگ ۔27اپریل (اے پی پی):چین کی ریاستی کونسل کےدفتر اطلاعات کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس میں چین کی وزارت تجارت سمیت چھ محکموں نے چین سے روانگی کے موقع پر ٹیکس ریفنڈ پالیسی کو بہتر بنانے کی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کے نائب وزیر تجارت شنگ چھیو پھینگ نے کہا کہ چین سے روانگی پر ٹیکس ریفنڈ سروس کو بہتربنانے کے لئے چین ٹیکس ریفنڈ اسٹورز کی تعداد، ٹیکس ریفنڈ سامان کی اقسام اور ٹیکس ریفنڈ سروسز کے معیار میں اضافے سمیت تین پہلوؤں پر اقدامات اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کی ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیول کے مطابق عام اشیا ءکے لیے ٹیکس ریفنڈ کی شرح 11 فیصد ہے جو تقریباً دس فیصد کا ڈسکانٹ دینے کے برابر ہے۔ چین ملک کے تمام علاقوں میں بڑے کاروباری اضلاع،واک اسٹریٹس، سیاحتی مقامات، ریزورٹس سمیت دیگر مقامات جہاں غیر ملکی سیاح جمع ہوتے ہیں، میں ٹیکس ریفنڈ کے مراکز قائم کرنے کی ترغیب دے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ نقد رقم کی واپسی کی مالیت کو 10،000 یوآن سے 20،000 یوآن تک بڑھایا گیا ہےجبکہ ٹیکس ریفنڈ کا کم سے کم معیار 500 یوآن سے 200 یوآن تک کم کردیا گیا ہے اور "خرید پر فوری ریفنڈ ” سروس کو پورے ملک تک توسیع دی جارہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں چین میں 26.94 ملین غیر ملکی سیاح آئے، جو سال بہ سال 96 فیصدکا اضافہ تھا۔
بیرونی سیاحوں کا مجموعی خرچ 94.2 بلین امریکی ڈالر تھا ، جو 77.8 فیصد کا اضافہ تھا۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 9.215 ملین غیر ملکی سیاح آچکے ہیں، جو گذشتہ سال کی نسبت 40.2 فیصدکا اضافہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588437