چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے ، پاکستانی کمپنیاں چینی اداروں سے "بی ٹو بی” اور زیادہ سے زیادہ "جوائنٹ وینچرز” یقینی بنائیں،وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان

70
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے، ہرممکن تعاون کریں گے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، پاکستانی کمپنیاں چینی اداروں سے "بی ٹو بی” اور زیادہ سے زیادہ "جوائنٹ وینچرز” کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین اور پاکستان کے مابین بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) سرگرمیوں کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چین میں ہونیوالے روڈ شو میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اشتراک سے پاکستانی ادارے شرکت کریں گے،لیدر اور فشریز کے لئے چین کے مختلف شہروں میں منعقدہ بڑے کنونشنز میں نمایاں پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ فشریز روڈ شو 29 اکتوبر کوچنگ ڈائو اور لیدر شو 5 نومبر کو گوانگزو میں ہو گا۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان سے فشریز کی 17 کمپنیوں کے 30 نمائندے اور لیدر شو میں 10 اداروں کے 16 ایگزیکٹوز شریک ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہاکہ پاکستانی بزنس کمیونٹی عالمی روڈ شوز کے ذریعے امریکی اور یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں کاروباری اداروں سے اشتراک کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، سات اہم شعبہ جات میں لیدر، ٹیکسٹائل، میڈیکل اینڈ سرجیکل ایکوپمنٹس، فروٹس اینڈ ویجیٹبل، پلاسٹک، فشریز و اینیمل فوڈ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا کاروباری اشتراک ملکی معیشت کے لئے بڑا بریک تھرو ثابت ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین سے صنعتوں کی منتقلی میں پاکستان کو زیادہ سے زیادہ شیئر نکالنا چاہئے، مجموعی طور پر چین سے 168 اور پاکستان کی 78 کمپنیاں باہمی اشتراک کے لئے کام کر رہی ہیں، چینی سفارت خانے کے تمام افسران بزنس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے، ہر ممکن تعاون کریں گے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، پاکستانی کمپنیاں چینی اداروں سے "بی ٹو بی” اور زیادہ سے زیادہ "جوائنٹ وینچرز” کو یقینی بنائیں۔

معروف پاکستانی اداروں کے ایگزیکٹوز نے اجلاس میں شرکت کی اور دونوں روڈ شوز میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ، چین میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے آن لائن شرکت کی اور اجلاس کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان کی کاروباری تنظیموں نے چین میں اشتراک اور عملی تعاون پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر بھی کیا۔