بیجنگ ۔30اگست (اے پی پی):بیلاروس کے صدرالیگزینڈر لوکاشینکو نےکہا ہے کہ ان کے ملک کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )میں شمولیت پر فخر ہے ،چین درحقیقت شنگھائی تعاون تنظیم کی ترقی کا "انجن” ہے، تھیان جن سربراہی اجلاس کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایس سی او اجلا کے لیے روانگی سے قبل چینی میڈیا گروپ کو انٹرویو میں کہی۔ لوکاشینکو نے کہا کہ چین بیلاروس کےساتھ اپنے اعلیٰ سطحی تعاون کے لیے پرخلوص ہے اور بیلاروس بھی چین کے ساتھ اپنی ہمہ موسمی جامع سٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان کوئی تنازعہ نہیں اور نہ ہی کوئی اختلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تعلقات میں چینی عوام اور صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنی دوستی سے کبھی خیانت نہیں کریں گے، چین کی شرکت کے بغیر آج دنیا میں کسی بھی عالمی مسئلے کو حل کرنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین درحقیقت شنگھائی تعاون تنظیم کی ترقی کا "انجن” ہے، چین سکیورٹی تعاون اور سائبر سکیورٹی سے لے کر لاجسٹکس چینلز کی تعمیر تک ایس سی او کے تمام شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے ۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کی ترقی میں مزید ٹھوس کردار ادا کرے گا اور اس کی ترقی میں نئی قوت محرکہ فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ جولائی 2024 میں بیلاروس نے باضابطہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔