بیجنگ ۔ 21 نومبر (اے پی پی) چینی صدر شی جن پنگ اور فلسطینی صدر محمود عباس نے ایک دوسرے کے نام تہنیتی پیغامات بھیجتے ہوئے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیہے۔ صدر شی نے کہا کہ چین فلسطین کے ساتھ سب سے پہلے سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔30 برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ چین فلسطینی عوام کے قانونی حقوق و مفادات کی بحالی کے لیے انصاف پر مبنی نصب العین کی حمایت کرتا رہے گا اور 1967 کی سرحد کی بنیاد پر مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بناتے ہوئے مکمل خودمختاری کے حامل آزاد فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا رہےگا۔انہوں نے کہا کہ چین فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔