چین مہاجرین کی کشتیاں روکنے میں مدد کرے، یورپی یونین

137

بیجنگ ۔ 5 مئی (اے پی پی) یورپی یونین مہاجرین اور تارکین وطن کی یورپ آمد روکنے کے لیے چین سے مدد کی خواہاں ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرین دیمیتریس افراموپولوس مہاجرین اور تارکین وطن کو یورپ کا رخ کرنے سے روکنے کے لیے چین کی مدد حاصل کرنے کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔ اس ضمن میں چین کی مدد حاصل کرنے کے لیے انہوں نے بیجنگ میں چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی گواو¿ شنگ ک±ن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افراموپولوس کا کہنا تھا کہ انسانوں کے اسمگلروں کے نیٹ ورک مہاجرین کو یورپ لے جانے کے لیے چین میں تیار کی جانے والی ربڑ کی کشتیاں استعمال کرتے ہیں۔ یورپی کمشنر کا کہنا تھا کہ وہ اسی سلسلے میں چینی حکام کا تعاون حاصل کرنے کے لیے بیجنگ آئے ہیں۔ افراموپولوس کا مزید کہنا تھا میں نے چینی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے کاروبار میں ملوث افراد کا کھوج لگائیں اور اس سلسلے کو روکنے میں مدد کریں۔