بیجنگ۔ 20 مارچ (اے پی پی) چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ، صدر مملکت ، مرکزی فوجی کمیشن اور مرکزی اصلاحاتی کمیٹی کے سربراہ شی جن پنگ نے مرکزی اصلاحاتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی اور اہم خطاب کیا۔انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اس وقت مختلف شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات بہت اہم اور کلید ی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اصلاحات کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہمیں ترقی کی درست سمت کو برقرار رکھتے ہوئے حقیقی عمل سے مشکلات کو دور کرنے کیلئے کٹھن محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے مختلف سرکاری اداروں میں فارملزم کا خاتمہ ہوگا اور اس کی جگہ حقیقی کارکردگی کی حامل طریقہ کار کو پروان چڑھا یا جائے گا۔اس کے علاوہ عوام کے مفادات کے حصول ، خوشحالی اور سلامتی کے احساس کو ترجیح دی جائے گی اور اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس مین نئے عہد میں مغربی چین کی شاندار ترقی کے حوالے سے رہنما تجاویز سمیت متعدد دستاویزات کی نظر ثانی کرتے ہوئے ان کی منظوری دی گئی۔