بیجنگ ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) چین میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو نمائش 2018 میں پاکستان کو ”گیسٹ آف آنر“ کی حیثیت دیدی گئی ہے، ایکسپومیں پاکستانی پویلین کے قیام سے پاکستانی تیارکنندگان کو اپنی مصنوعات کی نمائش اوربین الاقوامی آرڈرز کے حصول میں مدد ملیگی۔یہ بات پاکستانی سفارت خانہ کے ایک سینیرعہدیدارنے بیجنگ میں ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایکسپومیں ”مہمان اعزاز“ کی حیثیت دینے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اوران تعلقات میں وسعت اورگہرائی لانے کیلئے چین کی حکومت کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سیکرٹری تجارت بہت جلد شنگھائی کا دورہ کریں گے اوراس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو 2018 5 نومبر کو شروع ہوگی اور 10 دسمبر کو اختتام پذیرہوگی۔