بیجنگ۔24جون (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ چین میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو محدود کرنے کے امریکی منصوبے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور متعلقہ اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویثن نیٹ ورک کے مطابق چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے پیر کو بیان میں کہا کہ امریکی اقدام سے چینی اور امریکی کاروباری اداروں کے درمیان معمول کے اقتصادی اور تجارتی تعاون پر اثر پڑے گا اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو مارکیٹ اکانومی کے قوانین اور منصفانہ مسابقت کے اصول کا احترام کرنا چاہیے، اقتصادی اور تجارتی مسائل پر سیاست کرنا اور اسے ہتھیار بنانا بند کرنا چاہیے، چین میں سرمایہ کاری پر پابندیاں ہٹانا چاہیئیں اور چین اور امریکا کے درمیان کاروباری تعاون کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیے۔ چینی وزارت تجارت کے ترجمان کی جانب سے یہ ریمارکس 21 جون کو امریکی محکمہ خزانہ کے مجوزہ قاعدے کے بعد سامنے آئے ہیں جو چین میں امریکی سرمایہ کاری کو محدود کر دے گا۔